ریو ڈی جنیرو//
برازیل کی شمال مشرقی ریاست سیئرا کے شہر کے چوراہے پر جمعرات کی صبح مسلح حملہ آوروں کے حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ملٹری پولیس نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ویکوسا ڈو سیئرا کے قصبے کے ایک چوراہے پر سیکیورٹی کیمروں میں قید تصاویر میں کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچتی دکھائی دے رہی ہیں۔ مسلح مشتبہ افراد ان سے اترتے ہیں اور کئی افراد کو اپنے سروں پر ہاتھ رکھنے پر مجبور کرتے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے کم از کم 50 گولیوں کی آوازیں سنی، جس میں مرد اور خواتین سمیت سات افراد جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو میونسپل اسپتال لے جایا گیا۔
افسران نے حملے کے پیچھے کار فرماں کسی مقصد کی جانکاری نہیں دی ہے، لیکن بتایا ہے کہ متاثرین میں سے کم از کم ایک نے ٹخنوں کا مانیٹر پہنا ہوا تھا، جسے عام طور پر پیرول پر یا مقدمے کی سماعت کے انتظار میں لوگ پہنتے ہیں۔ اس حملے کے پیچھے گینگ وار یا منظم جرائم کی دشمنی کا شبہ ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میںویکوسا ڈو سیئرا میں تشدد کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2021 میں ایک گھر کے اندر چار افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔