نئی دہلی//ہندوستان اور انگلینڈ کی ڈیف ٹیموں کے درمیان 18 جون سے پہلی دو طرفہ ٹی 20 ڈیف سیریز کھیلی جائے گی۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی دعوت پر ہندوستانی ڈیف ٹیم پہلی بار انگلینڈ کے ساتھ سات میچوں کی دو طرفہ ٹی 20 ڈیف سیریز کھیلے گی۔ 18 جون سے شروع ہونے والے سیریز کے میچ انگلینڈ کے کاؤنٹی گراؤنڈ، ڈربی، کڈر منسٹر، نارتھمپٹن شائر، واروکشائر میں کھیلے جائیں گے اور آخری میچ 27 جون کو لیسٹر شائر میں کھیلا جائے گا۔
منگل کو پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی جرسی کی نقاب کشائی کی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے کے سکریٹری راجیش اگروال نے کہا، "معذور افراد کے بااختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈبلیو ڈی) کی جانب سے، میں ہندوستانی ڈیف کرکٹ ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کیونکہ انگلینڈ کے خلاف دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی ڈیف سیریز سے ڈیبیو کررہے ہیں۔ یہ تاریخی ایونٹ نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے بلکہ کھیلوں میں شمولیت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ کیپٹن وریندر سنگھ کی قابل قیادت میں ہمیں یقین ہے کہ ٹیم انڈیا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ہمارے ملک کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ میں ٹیم کو ایک کامیاب سیریز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور اس ایونٹ کو ممکن بنانے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں۔”
آئی ڈی سی اے کے صدر سمیت جین نے کہا، "بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنا ہندوستانی ڈیف کرکٹ ٹیم کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔ اس طرح کے پلیٹ فارمز کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور میدان میں ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اعتماد پیدا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ آئی ڈی سی اے اور کھلاڑی انگلینڈ کے ساتھ اس دو طرفہ ٹورنامنٹ کے منتظر ہیں۔ میں ٹیم کو آنے والی سیریز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘