دبئی// انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق ون ڈے کپتان مارلن سیموئلز پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر 6 سال کی کرکٹ سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کے سابق بلے باز مارلن سیموئلز پر 2019 میں ابوظہبی ٹی-10 میچ کے دوران بدعنوانی کا قصوروار پائے جانے کے بعد ان پر تمام طرز کی کرکٹ سے چھ سال کی پابندی لگا دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مارلون سیموئلز پر پابندی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی۔
آئی سی سی نے کہا کہ ایک آزاد ٹریبونل نے سیموئلز کو چار معاملات میں قصوروار پایا۔ انہیں 15 سال قبل اسی طرح کی خلاف ورزی کے معاملے میں قصوروار پایا گیا تھا۔
آئی سی سی کے ایچ آر اینڈ انٹیگریٹی یونٹ کے سربراہ ایلکس مارشل نے کہا: “مارلن سیموئلز تقریباً دو دہائیوں تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں اور انہیں تمام قواعد و ضوابط کا بخوبی علم ہے، گوکہ وہ اب ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن ان پر پابندی ایک واضح پیغام ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے۔
سیموئلز کو اس سال اگست میں ان جرائم کا مرتکب پایا گیا تھا۔ انہوں نے 2019 ابوظہبی ٹی10 لیگ کے دوران انسداد بدعنوانی کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی ۔واضح رہےکہ ٹی 10 لیگ کا چوتھا سیزن ابوظہبی میں جنوری سے فروری 2019 میں کھیلا گیا تھا۔ سیموئلز کپتان ہاشم آملہ کی کرناٹک ٹسکرز ٹیم کا حصہ تھے۔ سیموئلز نے آخری بار سال 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی تھی اور انہوں نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 17 سنچریوں سمیت 11 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ وہ نومبر 2020 میں کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔