جموں؍۱۶ نومبر
جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے پیر کے روز کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں گوشت کی۸۵ دکانوں اور یونٹوں کا معائنہ کیا ہے، جبکہ غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزیوں پر۱۶ نوٹس جاری کرنے کے علاوہ۱۱ معاملات میں قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ہفتے کے روز ضلع بڈگام میں مبینہ طور پر تقریباً۱۶۰۰کلو گرام خراب گوشت برآمد کیا گیا تھا، جس کے بعد غذائی تحفظ اور صارفین کو فراہم کیے جانے والے گوشت کے معیار پر تشویش پیدا ہوئی ہے۔
سکینہ ایتو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’غذائی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی ہوگی۔ ایف ڈی اے نے جموں و کشمیر میں گوشت کی۸۵ دکانوں اور یونٹوں کا معائنہ کیا‘۱۶ نوٹس جاری کیے اور۱۱ معاملات میں قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔‘‘
وزیر نے کہا کہ غذائی تحفظ کے مقررہ معیار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایتو نے مزید کہا، ’’معائنہ مہم میں مزید شدت لائی جائے گی، جوابدہی یقینی بنائی جائے گی اور غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔‘‘
سکینہ ایتو نے کہا کہ عوامی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر کا یہ بیان جموں و کشمیر بھر میں گوشت کی دکانوں اور غذائی تحفظ سے متعلق طریقہ کار کی بڑھتی ہوئی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آیا ہے۔
اس دوران غذائی اشیاء کے معیار اور تحفظ کو یقینی بنانے اور غیر معیاری، مضر صحت اور زائد المعیاد مصنوعات کی فروخت روکنے کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) جموں و کشمیر نے گوشت کی پروسیسنگ یونٹس، گوشت کی دکانوں اور گوشت و اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کا کاروبار کرنے والے دیگر اداروں کے خلاف معائنہ مہم جاری رکھی۔
ایک سرکاری ترجمان کے مطابق تازہ کارروائی کے دوران مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر۱۰۸ مقامات کا معائنہ کیا گیا، جبکہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ۲۰۰۶ کے تحت مقررہ معیار کی جانچ کے لیے پانچ غذائی نمونے حاصل کرکے تجربہ گاہوں میں تجزیے کے لیے بھیجے گئے۔
کارروائی کے تحت ایکٹ کی دفعہ۵۶کے تحت پانچ معاملات میں قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی۔ اس دفعہ کے تحت غیر صحت بخش اور غیر معیاری ماحول میں غذائی اشیاء تیار کرنے یا ان کی پروسیسنگ کرنے پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ زائد المعیاد غذائی اشیاء کی فروخت کے سلسلے میں دفعہ۵۸کے تحت ایک معاملہ درج کیا گیا، جس میں سماعت کے بعد دو لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے تین اداروں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس معطل کر دیے گئے۔ ان میں میسرز نادم پولٹری اننت ناگ، میسرز اسلم چکن اننت ناگ اور میسرز دی فروزن ہب کوٹھانوال جموں شامل ہیں۔ ان اداروں کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ۲۰۰۶کی دفعات کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔
مزید برآں، تقریباً۷۷ہزار۵۰۰ روپے مالیت کی زائد المعیاد غذائی اشیاء کو مزید فروخت اور استعمال سے روکنے کے لیے تلف کر دیا گیا۔ ایک اور کارروائی کے تحت ایکٹ کی دفعہ۶۹کے تحت تین معاملات کو باہمی تصفیے کے ذریعے نمٹایا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر۳ہزار روپے فیس وصول کی گئی۔
ایف ڈی اے جموں و کشمیر نے واضح کیا کہ تمام اضلاع میں معائنہ اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، بالخصوص گوشت اور اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کی تیاری، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور خوردہ فروخت سے وابستہ اداروں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
غذائی کاروبار سے وابستہ افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گوشت اور اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کی تیاری، پروسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کے دوران صفائی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھیں اور کسی بھی زائد المعیاد، غیر محفوظ یا ضوابط کے خلاف غذائی شے کو فروخت کے لیے پیش نہ کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ۲۰۰۶کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










