جموں؍۱۶ نومبر
جموں و کشمیر کی وزیر سکینہ ایتو نے پیر کے روز بی جے پی کی رکن اسمبلی شگن پریہار کے اس دعوے کو انتہائی افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد قرار دیا ہے کہ کشتواڑ ضلع میں دو ایس پی اوز کے قتل سے قبل ایک مسجد سے اعلانات کیے گئے تھے۔ انہوں نے شگن پریہار سے اپنا بیان واپس لینے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے عوام سے معافی مانگنے کی اپیل کی۔
نیشنل کانفرنس کی دمحال ہامجی پورہ حلقے سے رکن اسمبلی سکینہ ایتو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بھائی چارہ، باہمی احترام اور مختلف برادریوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی ہمیشہ سے جموں و کشمیر کی سب سے بڑی طاقت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’بی جے پی رکن اسمبلی شگن پریہار سے منسوب وہ بیان جس میں مساجد کو قتل کے واقعات سے جوڑا گیا ہے، انتہائی افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور مکمل طور پر نامناسب ہے۔ صدیوں پرانی مشترکہ تہذیب اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم معاشرے میں اس طرح کے بے بنیاد فرقہ وارانہ الزامات کی کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘
سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو بیانات دیتے وقت تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، خصوصاً ایسے حساس معاملات میں جن سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
واضح رہے کہ کشتواڑ ضلع سے تعلق رکھنے والے دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) ببّی چند اور رشپال کمار گزشتہ جمعرات کو دچھن کے جنگلاتی علاقے میں مردہ پائے گئے تھے۔ دونوں بدھ کے روز پڑوسی تحصیل مروہ کے علاقے بسنند میں قائم ایک سیکورٹی چوکی کی جانب جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔
کشتواڑ کی رکن اسمبلی شگن پریہار کی ایک ویڈیو میں، جو دونوں مقتول ایس پی اوز کی میتوں پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے موقع پر بنائی گئی تھی، انہیں مبینہ طور پر یہ دعویٰ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ قتل سے قبل ایک مسجد سے اعلانات کیے گئے تھے۔ انہوں نے اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی میں تاخیر پر بھی سوال اٹھایا تھا۔
شگن پریہار نے الزام لگایا تھا، ’’ابھی تک ملوث افراد کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ ایک مسجد سے اعلانات کیے گئے تھے۔ یہاں کوئی نہ کوئی معلومات فراہم کر رہا ہے اور خفیہ اطلاعات لیک کر رہا ہے۔ ہمارے لوگوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور قتل کیا جا رہا ہے۔‘‘
سکینہ ایتو نے شگن پریہار سے اپنے بیان کو واپس لینے اور جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص مسلم برادری سے معافی مانگنے کی اپیل کی۔
خاتون وزیر نے کہا، ’’عوامی نمائندوں کو لوگوں کے درمیان پل تعمیر کرنے چاہئیں، نہ کہ خلیج کو مزید گہرا کرنا چاہیے۔ ہمارا اتحاد ہماری طاقت، بھائی چارہ ہماری میراث اور امن ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔‘‘
اس سے قبل اتوار کے روز جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے بھی بی جے پی رکن اسمبلی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے انتہائی قابل مذمت قرار دیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ بی جے پی اس واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
۔۔۔۔(ایجنسیاں )










