سرینگر؍۱۶ نومبر
جموں و کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور وادی کے کئی علاقوں میں رات کا درجہ حرارت معمول سے نیچے درج کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ اور پہلگام میں رواں موسم کا اب تک کا کم ترین درجہ حرارت منفی۳ء۵ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک افسر نے بتایا کہ گلمرگ میں درجہ حرارت معمول سے۲ء۹ ڈگری جبکہ پہلگام میں۲ء۳ ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔
سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۱۶ء۱ سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جو معمول سے۰ء۲ ڈگری زیادہ تھا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۰ء۵ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے۰ء۸ڈگری کم ہے۔
وادی کے دیگر علاقوں میں قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۴ ڈگری، کپواڑہ میں منفی۰ء۲ ڈگری جبکہ کوکرناگ میں۱ء۴ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت۸ ڈگری، بٹوت میں۷ڈگری اور بھدرواہ میں۲ سینٹی گریڈدرج کیا گیا۔
جموں خطے میں جموں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت۱۱ء۶ ڈگری جبکہ کٹرہ میں۱۲ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گلمرگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۵ء۵ سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جو معمول سے۳ء۷ ڈگری کم تھا۔
محکمہ موسمیات نے۱۶ سے۲۱ نومبر تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم۲۰؍اور۲۱ نومبر کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق۲۲سے۲۶نومبر تک بھی موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










