واشنگٹن، 31 اکتوبر (یو این آئی) امریکہ میں چینی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے اور امریکی فوجی اہلکاروں کو بیجنگ کے لیے جاسوسی پر آمادہ کرنے کی کوشش کے الزام میں دو چینی شہریوں کو قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا کہ 40 سالہ لیرین ریان لائی اور 39 سالہ یوانس چن کو 30، 30 ماہ قید اور رہائی کے بعد تین سال تک نگرانی میں رکھنے کی سزا دی گئی ہے۔ دونوں نے امریکی فوج کے اہلکاروں کو چین کے لیے جاسوسی پر بھرتی کرنے کی کوششوں کا اعتراف کیا تھا۔
محکمہ انصاف کے مطابق، دونوں افراد امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے عوض خفیہ طریقے سے نقد رقم کی ادائیگیوں کا انتظام کرتے تھے۔ اس طریقہ کار کو ‘ڈیڈ ڈراپ کہا جاتا ہے، جس میں رقم یا خفیہ مواد کسی متعین مقام پر چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ دوسرا شخص اسے وہاں سے حاصل کرسکے۔
قومی سلامتی کے امور کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان اے آئزنبرگ نے کہا کہ دونوں ملزمان نے امریکی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور امریکہ میں چینی انٹیلی جنس کی سرگرمیوں اور بھرتی کی کارروائیوں میں مدد دینے کے لیے طویل عرصے تک وسیع پیمانے پر سرگرمیاں جاری رکھیں۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق، لائی اور چن نے مئی 2021 سے قبل یا اس وقت تک چین کی خفیہ ایجنسی وزارت برائے ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) کے ایجنٹوں کے طور پر کام شروع کردیا تھا۔
سیاحتی ویزا پر امریکہ آنے والے لائی نے مستقل رہائشی چن کو اس کارروائی میں شامل کیا تھا۔ ابتدا میں لائی، چن اور چینی خفیہ اہلکاروں کے درمیان رابطے کا ذریعہ تھا، تاہم بعد میں چن براہ راست اپنے چینی افسر سے ہدایات حاصل کرنے لگا۔
مئی 2022 میں دونوں نے چین سے 10 ہزار ڈالر کی خفیہ نقد رقم امریکہ میں موجود افراد تک پہنچانے کا انتظام کیا۔ اس کے تحت رقم ایک متعین مقام پر چھوڑی گئی تاکہ اسے کوئی دوسرا شخص حاصل کرسکے۔ بعد میں اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی کے ذریعے 20 ہزار ڈالر کی ادائیگی بھی کی گئی۔
دونوں نے جاسوسی کی دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا، جن میں بحری فوجی تنصیبات، فوج میں بھرتی ہونے والے اہلکاروں اور حاضر سروس بحری فوجیوں کی تصاویر حاصل کرنا شامل تھا۔ چن نے امریکی بحریہ کے ایک ملازم کی ذاتی معلومات بھی جمع کیں اور ان فوجی اہلکاروں کے بارے میں تفصیلی سوانحی معلومات مرتب کیں جنہیں ممکنہ طور پر جاسوسی کے لیے نشانہ بنایا جاسکتا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف نے یہ واضح نہیں کیا کہ دونوں نے کتنی مرتبہ خفیہ نقد ادائیگیوں کا انتظام کیا یا امریکہ میں کتنے افراد کو جاسوسی کے لیے بھرتی کرنے میں کامیاب رہے۔
دونوں کو غیر ملکی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر اٹارنی جنرل کو پیشگی اطلاع دیے بغیر سازش کرنے اور اسی حیثیت سے کام کرنے کے دو الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا۔ دونوں نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
لائی اور چن کو جون 2025 میں گرفتار کرکے ان کے خلاف الزامات عائد کیے گئے تھے۔









