ممبئی، 23 اکتوبر (یواین آئی) گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جھارکھنڈ کے 21 سالہ بلے باز شیکھر موہن کو نیوزی لینڈ دورے پر ہونے والے دوسرے اور تیسرے چار روزہ میچ کے لیے انڈیا اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
شیکھر نے گزشتہ رنجی ٹرافی سیزن کے بعد موجودہ سیزن میں بھی اپنی عمدہ فارم برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے 2025-26 رنجی ٹرافی میں اپنے پہلے ہی سیزن میں 55.73 کی اوسط سے 613 رنز بنائے تھے۔ موجودہ سیزن میں وہ دو میچوں میں 99 کی اوسط سے 297 رنز بنا چکے ہیں۔ کیرالہ کے خلاف 143 رنز اور مہاراشٹر کے خلاف 127 رنز کی اننگز نے ان کی مستقل مزاجی کو نمایاں کیا۔
رنجی ٹرافی سے قبل بھی موہن نے دلیپ ٹرافی اور ایرانی کپ میں متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ دلیپ ٹرافی کے فائنل میں انہوں نے ایسٹ زون کے لیے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں، جبکہ ایرانی کپ میں ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے سری نگر کی مشکل پچ پر 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ مسلسل رنز بنانے کی وجہ سے انہوں نے سلیکٹرز کے سامنے اپنی دعویداری مضبوط کی ہے۔
نیوزی لینڈ دورے پر انڈیا اے کا پہلا چار روزہ میچ 26 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول اور تیسرا لنکن میں ہوگا۔ شیکھر دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے ٹیم سے جڑیں گے۔ دورہ 10 نومبر کو ختم ہوگا۔
انڈیا اے ٹیم: یشسوی جیسوال، کے ایل راہل، دیودت پڈیکل، روی چندرن سمرن، کمار کشاگر (وکٹ کیپر)، دھرو جریل (کپتان اور وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، عاقب نبی، آکاش دیپ، انشول کمبوج، مانَو سُتھار، مکیش چودھری، سائی سدرشن، یش راٹھوڑ، مکیش کمار اور شیکھر موہن (دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے)۔




