کرائسٹ چرچ/ممبئی، 23 اکتوبر (یواین آئی) دائیں ٹانگ کی پٹھوں میں چوٹ کے باعث ایشان کشن نیوزی لینڈ کے خلاف ہفتہ کو ہونے والے دوسرے ٹی-20 میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ کشن کی عدم دستیابی کے بعد ویبھو سوریہ ونشی کے پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
بی سی سی آئی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ایشان کشن دوسرے ٹی-20 کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور میڈیکل ٹیم ان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پہلے میچ کے دوران انہیں دائیں ٹانگ کی پٹھوں میں معمولی چوٹ لگی تھی۔ ہدف کا تعاقب کرتے وقت کشن تیسرے کے بجائے پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آئے اور مچل سینٹنر کی گیند پر تین گیندوں میں ایک رن بنا کر لیگ سائیڈ باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔
ہندوستان کے بیٹنگ کوچ شیتانشو کوٹک نے کہا کہ کشن کو گرائن میں چوٹ لگی ہے اور اسی وجہ سے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشن کے اگلے میچ میں کھیلنے کے امکانات کم ہیں۔
کشن کے باہر ہونے کی صورت میں 15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی کے کھیلنے کے امکانات مضبوط ہوگئے ہیں۔ سوریہ ونشی نے ایشین گیمز میں ہندوستان کے لیے اننگز کا آغاز کیا تھا، لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی گھریلو ٹی-20 سیریز میں انہیں پلیئنگ الیون میں موقع نہیں ملا تھا۔ اپنے ابتدائی بین الاقوامی کیریئر میں انہوں نے آٹھ اننگز میں 186.36 کے اسٹرائیک ریٹ سے 246 رنز بنائے ہیں۔
کوٹک نے کہا کہ اگر کشن مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوتے اور میڈیکل ٹیم انہیں میچ سے باہر قرار دیتی ہے تو بلے باز کے طور پر ویبھو ٹیم کی حکمت عملی کا حصہ ہوں گے اور وہ کھیلنے کے مضبوط دعویداروں میں شامل ہیں۔
کرائسٹ چرچ کا ہیگلے اوول پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز کے دوسرے میچ کی میزبانی کرے گا۔ اس کے بعد 27 اکتوبر، 30 اکتوبر اور یکم نومبر کو بالترتیب ویلنگٹن، آکلینڈ اور ہیملٹن میں آخری تین ٹی-20 میچ کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹی-20 میچوں کے بعد پانچ ون ڈے اور پھر دو ٹیسٹ میچ بھی ہوں گے۔




