سرینگر؍۲۳؍اکتوبر
کشمیر کے کئی علاقوں میں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت موسمی اوسط سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات سرینگر نے۳۱؍اکتوبر تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم، اس دوران مختصر وقفوں کے لیے ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
قاضی گنڈ اور گلمرگ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے۳ء۱ ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کپواڑہ میں درجۂ حرارت موسمی اوسط سے۳ ڈگری زیادہ رہا۔
محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق، سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۲۳ء۷ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے۱ء۸ ڈگری زیادہ تھا۔ یہاں کم سے کم درجۂ حرارت۵ء۲ ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ موسمی اوسط۵ء۴ ڈگری ہے۔
قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۲۳ء۶ ڈگری سیلسیس اور کپواڑہ میں۲۵ء۴ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۱۹ء۴ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے قدرے زیادہ تھا، جبکہ گلمرگ میں یہ۱۶ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جموں خطے میں جموں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۳۰ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے۰ء۶ ڈگری کم تھا۔ کٹرہ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۲۷ء۸ ڈگری سیلسیس، جبکہ بھدرواہ میں۲۳ء۳ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو موسمی اوسط سے۰ء۳ڈگری کم تھا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ۲۳؍ اکتوبر کی سہ پہر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔۲۴؍ اکتوبر کی سہ پہر کے بعد آسمان پر عام طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں، جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوسکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق، اس کے بعد موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم یکم سے۳ نومبر کے درمیان آسمان ابر آلود رہ سکتا ہے۔ اس دوران چند مقامات پر بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسم کے زیادہ تر خشک رہنے کی پیش گوئی کے پیش نظر کسانوں کو فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )









