سرینگر؍۱۹؍ اکتوبر
جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے پیر کے روز بانڈی پورہ سب پوسٹ آفس میں تعینات پوسٹل اسسٹنٹ مدثر احمد نجر کے خلاف۶۵۰۰ روپے رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کے معاملے میں خصوصی عدالت میں چارج شیٹ دائر کی۔
حکام کے مطابق، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے وزیر اعظم روزگار پیداوار پروگرام (پی ایم ای جی پی) کے تحت قرض حاصل کرنے والے ایک شکایت کنندہ کی سبسڈی کی رقم جاری کرنے کے عوض غیر قانونی طور پر رشوت طلب کی تھی۔
حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اے سی بی بارہمولہ کو مدثر احمد، پوسٹل اسسٹنٹ، سب پوسٹ آفس بانڈی پورہ کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی۔ شکایت کنندہ نے کے وی آئی سی پامپور سے اپنے کاروباری یونٹ کے لیے مالی معاونت حاصل کی تھی، جو بانڈی پورہ میں واقع ہے۔
شکایت کنندہ کے مطابق، اس کی ایک لاکھ۷۵ہزار روپے کی سبسڈی زیر التوا تھی، جس کی اجرائی کے لیے ملزم سرکاری ملازم کی جانب سے موقع پر جغرافیائی محلِ وقوع کے اندراج کے ساتھ جسمانی تصدیق کی جانی تھی۔ الزام ہے کہ ملزم نے اسی عمل کے عوض رشوت طلب کی۔
حکام نے بتایا کہ شکایت کی خفیہ طور پر تصدیق کی گئی، جس کے بعد پولیس اسٹیشن اے سی بی بارہمولہ میں ایک ایف آئی آر کے تحت انسدادِ بدعنوانی قانون۱۹۸۸کی دفعہ۷ کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران ملزم کو شکایت کنندہ سے۶۵۰۰روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جس کے بعد اسے گرفتار کرکے حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق، تحقیقات مکمل ہونے پر الزامات کو ثابت شدہ قرار دیتے ہوئے مقدمے کی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے مجاز اتھارٹی سے ضروری منظوری حاصل کی گئی۔ اس کے بعد۱۹؍ اکتوبر۲۰۲۶کو ملزم مدثر احمد نجر، پوسٹل اسسٹنٹ، سب پوسٹ آفس بانڈی پورہ کے خلاف سماعت اور عدالتی فیصلے کے لیے خصوصی جج انسدادِ بدعنوانی، بارہمولہ کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔










