سرینگر؍۱۹؍اکتوبر
جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے مہور علاقے میں پیر کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھر میں اپنے بیٹے کو لٹکتا دیکھ کر ایک۴۵سالہ خاتون نے کھڑکی سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔
حکام کے مطابق، یہ واقعہ مہور تحصیل کے بگوداس گاؤں میں۱۸؍اور۱۹؍اکتوبر کی درمیانی شب پیش آیا، جہاں ایک نوجوان گھر میں لٹکتا ہوا پایا گیا۔
خبر رساں ادارے کے این او کے مطابق، بیٹے کو اس حالت میں دیکھ کر اس کی والدہ نے گھر کی کھڑکی سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں۔
متوفی نوجوان کی شناخت محمد فاروق(۲۰) ولد شبیر احمد، ساکن بگوداس گاؤں کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی خاتون کی شناخت باسو بیگم(۴۵)کے نام سے کی گئی ہے۔
خاتون کو اہل خانہ نے علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔
ادھر، پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










