کوپن ہیگن، 17 اکتوبر (یواین آئی) ڈنمارک اوپن 2026 کے مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنل میں کینیڈا کے وکٹر لائی کے ہاتھوں راسموس گیمکے کے باہر ہونے کے بعد عالمی نمبر دو اینڈرس اینٹونسن خطاب کی دوڑ میں باقی رہنے والے واحد ڈینش کھلاڑی ہیں۔
اوڈینسے کے ارینا فن میں گھریلو شائقین کے سامنے اینٹونسن نے انڈونیشیا کے علوی فرحان کو 21-17، 21-16 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ انہوں نے یہ مقابلہ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں جیتا۔
اینٹونسن نے میچ کے بعد کہا کہ فرحان شاندار کھلاڑی ہیں اور انہوں نے انہیں سخت ٹکر دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں گیم میں برتری حاصل ہونے کے باوجود مقابلہ کافی سخت رہا۔
سیمی فائنل میں ہفتہ کو اینٹونسن کا سامنا عالمی نمبر تین کرسٹو پوپوف سے ہوگا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ 3-3 سے برابر ہے۔ اینٹونسن نے کہا کہ پوپوف ایک انتہائی مشکل حریف ہیں اور وہ اس مقابلے میں اپنا پورا زور لگائیں گے۔
دوسرے سیمی فائنل میں کینیڈا کے وکٹر لائی کا مقابلہ موجودہ عالمی چیمپئن ایلکس لینئر سے ہوگا۔ یہ 2026 عالمی چیمپئن شپ میں دونوں کے درمیان ہونے والے مقابلے کا ری میچ ہوگا۔
خواتین کے سنگلز میں جمہوریہ کوریا کی ٹاپ سیڈ این سی یونگ نے ہندوستان کی تنوی شرما کو 21-15، 21-13 سے شکست دے کر مسلسل دوسرے خطاب کی امید برقرار رکھی۔ دوسری سیڈ وانگ ژی یی اور تیسری سیڈ اکانے یاماگوچی بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ این سی یونگ کا مقابلہ ہفتہ کو 2017 کی عالمی چیمپئن نوزومی اوکوہارا سے ہوگا۔





