سرینگر؍۹؍اکتوبر
صارفین کو محفوظ اور صحت بخش غذا فراہم کرنے کی کوششوں کے تحت جموں و کشمیر کے محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ نے جموں ڈویژن میں سڑک کنارے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں اور خوانچہ فروشوں کے خلاف معائنہ اور آگاہی مہم جاری رکھی ہے۔ اس مہم کا مقصد غذائی تحفظ کے مقررہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی صحت کا تحفظ کرنا ہے۔
مہم کے دوران سڑک کنارے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے۹۵ خوانچہ فروشوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ۱۱ معاملات میں خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرکے مجموعی طور پر۱۶ہزار روپے وصول کیے گئے۔ اس کے علاوہ، فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ۲۰۰۶کی دفعات۵۶؍اور۵۸ کے تحت۱۹ معاملات متعلقہ مجاز افسران، یعنی ضلعوں کے متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کے سامنے قانونی کارروائی کے لیے پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ خوانچہ فروشوں کو محفوظ طریقے سے غذا سنبھالنے، ذاتی صفائی، حفظانِ صحت اور قانونی ضوابط کی پابندی سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے۱۷بیداری نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
معائنے کے دوران غذا کو غیر صحت بخش طریقے سے سنبھالنے اور کھانے پینے کی اشیاء کی پیکنگ یا انہیں پیش کرنے کے لیے ممنوعہ یا ناموزوں مواد استعمال کرنے جیسی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ایک مخصوص کارروائی کے دوران متعلقہ غذائی کاروباری افراد نے موقع پر ہی۱۰ کلو اخبارات اور۲۰ کلو نمکو اور دیگر ہلکی پھلکی کھانے کی اشیاء تلف کر دیں۔ ان خلاف ورزیوں کے سلسلے میں۴ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ جہاں ضروری سمجھا گیا، وہاں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مزید کارروائی شروع کی گئی۔
آگاہی مہم کے دوران ذاتی صفائی برقرار رکھنے، کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کی جگہوں کو صاف رکھنے، غذا کو آلودگی سے محفوظ رکھنے، پیکنگ اور اشیاء پیش کرنے کے لیے صرف غذائی استعمال کے لیے موزوں مواد اپنانے اور غذا کو مناسب طریقے سے محفوظ رکھنے اور سنبھالنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
خوانچہ فروشوں کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ۲۰۰۶کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں اور غذا سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ، جموں و کشمیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی اور غذائی کاروبار سے وابستہ افراد میں مسلسل آگاہی، دونوں ضروری ہیں۔ خوانچہ فروشوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی اور حفظانِ صحت کے مقررہ معیار برقرار رکھیں اور فروخت کے لیے پیش کی جانے والی تمام غذائی اشیاء کو محفوظ اور صحت بخش بنائیں۔
محکمہ نے واضح کیا کہ پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں معائنے، آگاہی اور نفاذِ قانون کی مشترکہ سرگرمیاں جاری رہیں گی اور غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ ملاوٹ، غیر محفوظ غذا یا کھانے پینے کی اشیاء کو غیر صحت بخش طریقے سے سنبھالنے کے واقعات کی اطلاع دے کر عوامی صحت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔(ڈی آئی پی آر)










