اقوام متحدہ، 19 ستمبر (یواین آئی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے جاری حملوں کی ہفتہ کو سخت مذمت کی ہے۔
ان حملوں میں عام شہریوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔ سلامتی کونسل نے حوثی گروپ سے ’’فوجی کشیدگی فوری طور پر بند کرنے‘‘ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
عالمی ادارے نے بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کے اپنے دفاع کے بنیادی حق کی توثیق کرتے ہوئے اس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے بحیرہ احمر اور باب المندب آبنائے میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملوں اور دھمکیوں کی اپنی سابقہ مذمت بھی دہرائی۔
یو این ایس سی نے ایک بیان میں مطالبہ کیا کہ حوثی باغی ’’اپنی فوجی کشیدگی فوری طور پر روکیں‘‘۔
یو این ایس سی نے جہازوں اور ان کے عملے کی سلامتی یقینی بنانے اور بین الاقوامی قانون، بالخصوص ’’سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن‘‘ کے تحت جہاز رانی کی آزادی اور بحری حقوق کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
کونسل نے حوثیوں سے عام شہریوں کو متاثر کرنے والے حملے روکنے کی اپیل کی اور 2015 کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 اور اس کے بعد منظور کی گئی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ کونسل نے یمن کی وحدت، خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔






