واشنگٹن، 18 ستمبر (یو این آئی) شمالی امریکہ ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (نوراڈ) نے کثیر ملکی آرکٹک آپریشن کے تحت الاسکا سے ایف-16 فائٹنگ فالکن لڑاکا طیارے کینیڈا منتقل کیے ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد خطے میں فضائی دفاع کو مضبوط بنانا اور فوجی موجودگی برقرار رکھنا ہے۔
الاسکا کے نوراڈ ریجن کے مطابق، الاسکا کے ایلسن ایئر فورس بیس سے ایف-16 طیاروں کو نیوفاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور کے گوز بے منتقل کیا گیا ہے، جہاں وہ آپریشن آرکٹک وینگارڈ 26-4.2 میں معاونت کریں گے۔ یہ آپریشن 13 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔
اس آپریشن میں آرکٹک خطے میں دفاعی مشنوں کے لیے امریکی اور کینیڈین نوراڈ فورسز مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں۔ اس کے تحت نوراڈ کے اہلکار اور طیارے گرین لینڈ میں بھی تعینات کیے جائیں گے، جہاں وہ سخت اور دشوار گزار حالات میں ڈنمارک اور دیگر نیٹو اتحادی ممالک کی افواج کے ساتھ مل کر کارروائیاں کریں گے۔
یہ تعیناتی نوراڈ اور امریکی ناردرن کمانڈ کے ’نورڈک برج‘ تصور کا حصہ ہے، جس کا مقصد نیٹو اتحادیوں، علاقائی شراکت داروں اور امریکی فوج کی دیگر کمانڈز کے ساتھ آرکٹک میں فوجی کارروائیوں، مشقوں، تربیت اور سرمایہ کاری کے سلسلے میں بہتر رابطہ اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
الاسکا نوراڈ ریجن کے کمانڈر ایئر فورس لیفٹیننٹ جنرل رابرٹ ڈی ڈیوس نے کہا، ’’آپریشن آرکٹک وینگارڈ ثابت کرتا ہے کہ دشوار گزار حالات اور وسیع فاصلے نوراڈ کے اجتماعی دفاع میں کوئی رکاوٹ نہیں ہیں۔‘‘
ڈیوس نے کہا کہ الاسکا سے کینیڈا اور پھر گرین لینڈ تک جنگی طیاروں کی تعیناتی سے ان فورسز کی مشکل آرکٹک حالات میں کارروائی کرنے کی صلاحیت کا امتحان ہوگا، جبکہ کینیڈا، ڈنمارک اور دیگر نیٹو اتحادیوں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی بھی مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا، ’’ہم مل کر شمالی امریکہ کے شمالی راستوں پر مسلسل نگرانی اور قابلِ اعتماد بازدار قوت برقرار رکھتے ہیں۔‘‘
آپریشن آرکٹک وینگارڈ، شمالی امریکہ کے آرکٹک خطے میں نوراڈ اور امریکی ناردرن کمانڈ کی سرگرمیوں کے ایک باقاعدہ سلسلے کا حصہ ہے۔ ان مشقوں کا مقصد آرکٹک کے اگلے محاذوں پر فوجی موجودگی میں اضافہ اور شمالی امریکہ کے شمالی راستوں کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔
نورڈک برج تصور کے تحت تازہ آپریشن میں آرکٹک کے مختلف مقامات اور متعدد شعبوں میں کثیر ملکی افواج بھی کارروائی کریں گی، جس کا مقصد تزویراتی اہمیت کے حامل اس خطے میں زیادہ مستقل فوجی موجودگی قائم کرنا ہے۔







