نئی دہلی، 08 ستمبر (یو این آئی) مرکزی حکومت کے شعبہ برائے خوراک و عوامی نظام تقسیم اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) نے مالیاتی سال 27-2026 کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معلومات منگل کے روز یہاں جاری ایک سرکاری اطلاع میں دی گئی ہے۔
اس کا بنیادی مقصد ایف سی آئی کے کام کاج کو زیادہ موثر، شفاف اور جدید بنانا ہے تاکہ ملک کے غذائی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ اس معاہدے کے تحت اناج کا ذخیرہ کرنے اور لاجسٹکس میں سدھار لایا جائے گا جس سے اناج کے ضیاع کو کم کیا جا سکے اور گوداموں کی صلاحیت کا پورا استعمال نیز سپلائی چین کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ معیار کے کنٹرول اور ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ دی جائے گی جس کا مقصد اناج کے معیار کو برقرار رکھنے والے جانچ کے نظام کو سخت کرنا اور آپریشنز میں شفافیت لانے کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی و ڈیجیٹل حل کو نافذ کرنا ہے۔
اس معاہدے میں ‘ڈپو درپن’ پورٹل کے استعمال کی بات کہی گئی ہے۔ اس پورٹل کا استعمال ایف سی آئی ڈپو کی درجہ بندی کے لیے کیا جائے گا، جس سے بنیادی ڈھانچے اور کام کی رفتار میں سدھار لایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی جدید ٹیکنالوجی اوراناج کے انتظام کے نئے طریقوں کو اپنانے کے لیے ایف سی آئی کے ملازمین کو خاص تربیت دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ سال 1965 میں قائم ہونے والا ایف سی آئی اناج کی سرکاری خریداری، ذخیرہ کرنے ، نقل و حمل اور تقسیم کا کام کرتا ہے۔ اس کارکردگی پر مبنی معاہدے سے فوڈ سبسڈی کا درست اور کم خرچ استعمال یقینی ہوگا نیز پورا عمل زیادہ جوابدہ بنے گا۔







