پورٹ آف اسپین، 3 ستمبر (یواین آئی) راحکیم کارن وال کی آل راؤنڈ کارکردگی اور حسن نواز کی شاندار نصف سنچری کی بدولت اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو آٹھ رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنی برتری مزید مستحکم کر لی۔
فالکنز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، جس کے جواب میں نائٹ رائیڈرز کی ٹیم سات وکٹوں پر 175 رنز ہی بنا سکی۔ حسن نواز نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان معین علی 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹرینباگو کی ٹیم کو آغاز ہی میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔ راحکیم کارن وال نے پاور پلے میں عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور تین بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ان کی 3 وکٹیں 17 رنز کے عوض مقابلے کا فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوئیں اور پاور پلے کے اختتام تک نائٹ رائیڈرز کا اسکور چار وکٹوں پر 63 رنز تھا۔
کیرون پولارڈ اور جوشوا دا سلوا نے چھٹی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں۔ پولارڈ نے انجری کے باوجود 36 گیندوں پر 41 رنز بنائے، تاہم 18ویں اوور میں جوشوا جیمز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جیڈن سیلز کے شاندار ڈائیونگ کیچ کے بعد نائٹ رائیڈرز کو 15 گیندوں پر 36 رنز درکار تھے۔
پولارڈ کے میدان سے باہر جانے پر ان کے ساتھی کھلاڑیوں اور ناظرین نے کھڑے ہوکر ان کی عزت افزائی کی ۔ 39 سالہ پولارڈ کا یہ نائٹ رائیڈرز کے لیے سی پی ایل میں ممکنہ طور پر آخری گھریلو میچ تھا، اگرچہ ٹیم کو ابھی دو میچ مزید کھیلنے ہیں۔
آخری اوور میں نائٹ رائیڈرز کو 26 رنز درکار تھے۔ جوشوا دا سلوا نے آخری تین گیندوں پر چھکا، چوکا اور چھکا لگایا، لیکن ٹیم کو آخرکار آٹھ رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دا سلوا 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل فالکنز کی اننگز میں کارن وال نے ابتدا ہی میں صرف سات گیندوں پر 20 رنز بنائے اور پہلے اوور میں مسلسل چار چوکے لگائے۔ بعد میں حسن نواز نے ذمہ داری سنبھالی اور کپتان معین علی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 61 گیندوں پر 108 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ حسن نواز نے اپنی اننگز میں نو چوکے اور تین چھکے لگائے۔
نائٹ رائیڈرز نے فیلڈنگ کے دوران دو کیچ اور رن آؤٹ کے دو مواقع بھی ضائع کیے، جن میں حسن نواز کو 36 رنز کے انفرادی اسکور پر ملنے والا موقع بھی شامل تھا۔ یہی معمولی غلطیاں آخرکار دفاعی چیمپئن ٹیم کے لیے مہنگی ثابت ہوئیں۔
سیزن میں مسلسل تیسری شکست کے بعد ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز آٹھ میچوں میں اپنی چھٹی شکست کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں نیچے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اب اس کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔




